کاروار 18جولائی (ایس او نیوز) شمالی کینرا میں پچھلے چند دنوں سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ چل پڑا ہے۔اس وجہ سے بجلی کھمبے گرنے اور درختوں کے سڑکوں پر گرنے کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں۔
تازہ واقعے میں کاروار کے بینگا علاقے میں نیشنل ہائی وے 66پر ایک بہت ہی بڑا درخت طوفانی ہوا کے نتیجے میں جڑ سے اکھڑگیا اور پاس میں موجود الیکٹرک کھمبوں کے کیبل کو اپنے ساتھ لیتے ہوئے سڑک پرگرگیا۔اس سے کچھ وقت کے لئے سڑک پر موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر رہی۔اور علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی۔خوش قسمتی سے علی الصبح پیش آنے والے اس حادثے میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
درخت جڑسے اکھڑ کر نیشنل ہائی وے پر گرنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، محکمہ جنگلات کے افسران اور ہیسکام کے افسران موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے سڑک پر رکاوٹ پید ا کررہی درخت کی بڑی بڑی ٹہنیوں کو کاٹ کر ہٹایا گیا اور ٹریفک کو بحال کرنے کا کام انجام دیا گیا جبکہ بجلی کی سربراہی کے لئے ٹوٹے ہوئے کھمبے اور اس سے جڑی تاروں کو ٹھیک کرنے کا کام ہیسکام کے ذمہ داران نے سنبھال لیا۔